جے کے ایل ایف جدہ یونٹ کے زیر اہتمام دوسرے مقبول بٹ شہید والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد سیالکوٹ کلب پاکستان نے میدان مار لیا۔

جدہ ( نوید فاروقی) شہید مقبول بٹ کی 31 ویں برسی کے موقع پر جدہ میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے دوسرے مقبول بٹ شہید والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ٹورنامنٹ میں جے کے ایل ایف شعبہ سفارتی امور کے سربراہ سردار سلیم اور جدہ یونٹ کے صدر میر اورنگزیب نے خصوصی شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صدارتی مشیر آزاد ریاست حکومت جموں وکشمیر سردار عنایت اللہ عارف تھے۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ شہید مقبول بٹ کشمیری قوم کے ہیرو ہیں ۔ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہوگا۔ جو قومیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو فراموش کرتی ہیں ان کا نام تاریخ سے مٹ جاتا ہے۔

دیار غیر میں موجود تارکین وطن کا کھیلوں میں رحجان قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ ٹورنامنٹ میں سعودی عرب میں موجود تارکین وطن کی مشہور ومعروف کل چھ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹیموں میں بارو شہید کلب ،کشمیر سپورٹس کلب، سیالکوٹ کلب پاکستان، یونائیٹڈ سپورٹس کلب بھنجوسہ ، شہدائے کشمیر والی بال کلب اور گجر برادرز شکر گڑشامل تھیں۔پہلا سیمی فائنل یونائیٹڈ سپورٹس کلب بھنجوسہ اور شہدائے کشمیر والی بال کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ پہلے سیمی فائنل میں شہدائے کشمیر والی بال کلب نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے میچ 3-1 سے جیت کر فائنل میں جگہ بنائی۔

دوسرا سیمی فائنل بارو شہید کلب اور سیالکوٹ کلب پاکستان کے درمیان کھیلا گیا۔سیالکوٹ کلب پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فائنل میں جگہ بنائی ۔ فائنل میچ کے مہمان خصوصی ٹورنامنٹ کے میزبان اور پیپلزپارٹی کے راہنما سردار مہتاب سرور تھے ۔ فائنل میچ سیالکوٹ کلب پاکستان او ر شہدائے کشمیر والی بال کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ فائنل میچ مین ایمپائرنگ کے فرائض اصغر گجر نے سر انجام دئیے ۔ فائنل میچ پانچ سیٹ پر مشتمل تھا ۔ فائنل میچ میں سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا ۔ سیالکوٹ کلب پاکستان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میچ 3-1سے اپنے نام کر لیا ۔ شہدائے کشمیر والی بال کلب کے کیپٹن سائیں واجد کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی کشمیر کلب پاکستان کے عبدالشکور کو قرار دیا گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چئیرمین سردار یونس اور سردار مہتاب سرور تھے۔ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے میزبان اور پی پی پی کے راہنما سردار مہتاب سرور نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقبول بٹ شہید کے نام سے منسوب ہونا ہمارے لئیے باعث فخر ہے۔کھیل جسمانی نشوونما کا بنیادی جزو ہے۔ جن قوموں کے گراونڈ آباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران ہوا کرتے ہیں ۔ انہوں نے دونوں ٹیمون کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو گولد میڈل پہنائے اور بہترین کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نوازا ۔ ٹورنامنٹ کے آرگنائزر سائیں واجد اور محمد اسرار تھے۔

Volleyball Tournament

Volleyball Tournament