جوہانسبرگ (جیوڈیسک) جنوبی افریقا نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 107 رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔
جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جیت کے لیے 381 رنز کے تعاقب میں قومی ٹیم شدید مشکلات سے دوچار رہی۔
جوہانسبرگ ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا لیکن بابراعظم 21 کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے کپتان سرفراز احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔
اسد شفیق نے پروٹیز بولروں کے سامنے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 179 کے مجموعی اسکور پر ہمت ہار گئے، انہوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔
اب تک ڈین اولیوئیر 3، ڈیل اسٹین 2 اور فلینڈر ایک وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔
اس سے قبل دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور شان مسعود نے ٹیم کو 67 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 35، شان مسعود 37 اور آؤٹ آف فارم اظہر علی نے ایک مرتبہ پھر مایوس کن کارکردگی پیش کی اور صرف 15 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔
یاد رہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جب کہ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 262 اور دوسری میں 303 رنز بنائے۔