بغداد (جیوڈیسک) جان کیری ان دنوں عراق میں ہیں جہاں وہ سنی شدت پسندوں کی کارروائیوں کے انسداد اور حکومت کی تشکیل نو کے بارے رہنماوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
پیر کو کیری نے عراق کے وزیراعظم نوری المالکی، ایک اہم شیعہ مذہبی رہنما اور دو اعلیٰ ترین سنی قانون سازوں سے ملاقاتیں کی تھیں۔ منگل کے روز ایک کرد اعلیٰ رہنما سے بھی ملاقات کی۔
کیری نے کرد فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ عراق ایک نازک مرحلے میں ہے۔ شدت پسندوں کی حد مقرر کرنے اور عراقی سکیورٹی فورسز کی مدد سے متعلق حالیہ دنوں میں کرد علاقوں کی فورسز کا تعاون بہت اہم رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے عراقی کردوں کی شمولیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی عمل سے ان کے انخلا سے منفی رجحانات کو مزید بڑھاوا ملے گا۔
کیری نے کہا کہ عراق کے مستقبل کا انحصار بڑی حد تک اس بات پر ہے کہ عراقی رہنما اکھٹے ہوکر داعش کے جنگجووں کے خلاف مشترکہ موقف اپنائیں جس کے لیے ان کے پاس زیادہ وقت نہیں بچا ہے۔