اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف سے امریکی وزیر خارجہ جان کیری ملاقات کر رہے ہیں جس میں اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔ اسلام آباد امریکی وزیر خارجہ جب وزیراعظم ہائوس پہنچے تو محمد نواز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ امریکی وزیر خارجہ کے ہم ہمراہ ان کے وفد کے ارکان بھی موجود ہیں۔ اس وقت دونوں رہنمائوں کے درمیان ون آن ون ملاقات جاری ہے جس میں خطے کی صورتحال خصوصا افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا پر بات چیت کی جائے گی۔
اس سے قبل دفتر خارجہ میں جان کیری کی سربراہی میں امریکی وفد کی وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے مذاکرات ہوئے جس میں پاک امریکہ سٹریٹجک تعلقات اور ڈرون حملوں سمیت افغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ دفتر خارجہ میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔
امریکی وفد کی قیادت امریکی وزیر خارجہ جان کیری جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز نے کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں پاک امریکہ سٹریٹجک تعلقات کی بحالی، افغانستان کی صورتحال اور ڈرون حملوں سے متعلق بات چیت کی گئی۔ جبکہ توانائی، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تعاون سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔