واشنگٹن (جیوڈیسک) سابق سی آئی اے جاسوس مفرور ہیں، وطن واپس آ جائیں، امریکی وزیرخارجہ امریکا کے وزیر خارجہ نے انٹیلی جنس کے راز فاش کرنے والے سی آئی اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کو مفرور قرار دیتے ہوئے انہیں ملک واپس آنے کا کہا ہے۔
جان کیری نے کہا کہ اگر ایڈورڈ سنوڈن امریکا پر یقین رکھتے ہیں تو انہیں امریکی انصاف کے نظام پر اعتماد کرنا چاہیے۔ یہ بات انہوں نے سنوڈن کی طرف سے امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو کے تناظر میں کہی ہے جس میں سنوڈن نے کہا کہ انہوں نے روس میں اس لیے پناہ لی کیونکہ امریکا نے ان کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا تھا۔
کیری نے کہا کہ ایک محبِ وطن بھاگتا نہیں، اگر سنوڈن واپس آنا چاہتے ہیں تو ہم آج ہی ان کو ہوائی جہاز کے ذریعے واپس لے آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ سنوڈن نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ یاد رہے کہ مئی 2013 میں تیس سالہ سنوڈن امریکا سے بھاگ گئے تھے اور آج کل وہ روس میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔