امریکہ (جیوڈیسک) جان کیری کے امریکہ کا وزیر خارجہ بننے کے بعد مادورو کے ساتھ ہونے والی یہ ان کی پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔
امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو سے ملاقات کی ہے۔
جان کیری کے امریکہ کا وزیر خارجہ بننے کے بعد مادورو کے ساتھ ہونے والی یہ ان کی پہلی باضابطہ ملاقات ہے۔
جان کیر ی اور مادورو کے درمیان یہ ملاقات کولمبیا کے شہر کارٹا جینا میں ہوئی جہاں وہ کولمبیا کی خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے طے پانے والے ایک سمجھوتے سے متعلق ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کر رہے تھے۔
امریکہ اور وینزویلا کے مابین تعلقات سابق صدر ہوگو شاویز کے دور حکومت سے کشیدہ چلا آ رہے ہیں۔ یہ دونوں ملک ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات کے علاوہ ایک دوسرےکے سفارت کاروں کو ملک چھوڑے کا کہتے رہے جبکہ اب بھی دونوں ملکوں کے سفیر ایک دوسرے کے ہاں تعینات نہیں ہیں۔
امریکہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ “کیری نے وینزویلا کے لاکھوں شہریوں کو درپیش معاشی اور سیاسی مشکلات پر ہمارے تحفظات سے متعلق بات کی اور صدر مادورو پر زور دیا کہ وہ ان مسائل کو حل کرنے کے لیے حزب مخالف کے ساتھ مل کر تعمیری کام کریں۔”
کیری اور مادورو نے حالیہ مہینوں میں امریکہ اور وینزویلا کے درمیان شروع ہونے والی دو طرفہ بات چیت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وینزویلا کے عہدیداروں کی طرف سے جان کیری اور مادورو کی ملاقات کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
مادورو کی حکومت کو افراط زر میں اضافہ، کھانے پینے کی اشیا کی کمی سمیت کئی معاشی چیلنجوں کا سامنا ہےجس کی وجہ سے ملک میں حالیہ دنوں میں عوامی مظاہرے بھی دیکھنے میں آئے۔
وییزویلا کے صدر کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کو اقتصادی جنگ کا سامنا ہے اور وہ اس کا الزام امریکہ اور وینزویلا کی سیاسی اشرافیہ پر عائد کرتے ہیں۔
دوسری طرف وینزویلا کے حزب مخالف نے پیر کو اعلان کیا کہ 12 اکتوبر کو ملک گیر احتجاج اور مظاہروں کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد صدر مادورو کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لیے ریفرنڈم کروانے کے مطالبہ کو منوانا ہے۔