جان میک کین کے لئے تعریفی تعزیتی بیان شائع نہیں کیا جائے گا: صدر ٹرمپ

Donald Trump - John McCain

Donald Trump – John McCain

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل وفات پانے والے آریزونا کے سینیٹر جان میک کین کے لئے وائٹ ہاوس کے حکام کی طرف سے تیار کردہ “تعریفی تعزیتی بیان” کی اشاعت کو روک دیا۔

بعض اعلیٰ سرکاری حکام کے حوالے سے امریکی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے دعوے کے مطابق صدر ٹرمپ ایک طویل عرصے تک انہیں تنقید کا نشانہ بنانے کی وجہ سے میک کین کے لئے تیار کئے گئے تعریفی متن کی اشاعت کے حق میں نہیں تھے۔

دعوے کے مطابق جان میک کین کی وفات سے ایک روز قبل وائٹ ہاوس کی ترجمان سارا سینڈریس اور ٹرمپ کے معاون خصوصی جان کیلی کی زیر قیادت تیار کئے گئے تعزیتی بیان کو صدر ٹرمپ نے شائع کرنے سے روک دیا کیوں کہ اس میں جان میک کین کے بارے میں تعریفی کلمات استعمال کئے گئے تھے۔

وائٹ ہاوس کی طرف سے تعریفی بیان جاری کرنے کی بجائے صدر ٹرمپ نے صرف اپنے ٹویٹر پیج سے میک کین کے کنبے کے لئے تعزیتی بیان جاری کرنے کو کافی سمجھا۔

واضح رہے کہ جان میک کین اپنی زندگی میں صدر ٹرمپ پر سخت الفاظ میں تنقید کرتے تھے جس کی وجہ سے دونوں کے باہمی تعلقات زیادہ اچھے نہیں تھے۔

جان میک کین ریپبلکن کے سرفہرست ناموں میں سے ایک تھے اور ایک دور میں پارٹی کے چئیرمین بھی رہے۔

اکیاسی سالہ میک کین دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے اور ہفتے کے روز مقامی وقت کے مطابق بعد دوپہر ان کی وفات کا اعلان کیا گیا۔

انہیں 2 ستمبر کو ریاست میری لینڈ کی نیول حرب اکیڈمی کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔