واشنگٹن (جیوڈیسک) ”جان مکین کی فکر نہ کریں وہ تو ویسے بھی مرنے والے ہیں“ امریکی صدر ٹرمپ کی مشیر کیلی سیڈلر کے بیان پر امریکا میں غم و غصہ، وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے معافی مانگ لی۔
سی آئی اے کی ممکنہ سربراہ جینا ہیسپل کی مخالفت کرنے پر سینیٹر جان مکین سے متعلق ٹرمپ کی مشیر کیلی سیڈلر کا انتہائی افسوسناک بیان سامنے آیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق کیلی سیڈلر نے کہا کہ ”جان مکین کی فکر نہ کریں وہ تو ویسے بھی مرنے والے ہیں، ان کی مخالفت کی فکر کیوں کریں“۔ بیان کے بعد جان مکین کی اہلیہ نے سوشل میڈیا پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیان دینے والوں کو پتہ ہونا چاہے کہ جان مکین کا ایک خاندان بھی ہے۔
کیلی سیڈلر کے بیان پر امریکا میں شور مچا تو وائٹ ہاؤس کو معافی مانگنی پڑی۔ یاد رہے کہ جان مکین کینسر کا شکار ہیں اور چند ماہ پہلے ان کے دماغ کا آپریشن بھی ہوا تھا۔