ممبئی (جیوڈیسک) بھارتی فلموں کے ذریعے لاکھوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے معروف کامیڈین جونی لیور نے فلمیں نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔
اسٹیج پر اسٹینڈنگ کامیڈی سے کیرئیر شروع کرنے والے معروف بھارتی کامیڈین جونی لیور اپنی مزاحیہ اداکاری کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہیں جو 23 سالہ فلمی کیرئیرکے دوران بادشاہ، بازیگر، کوئلہ، چمتکار ، دولھے راجا، سولجراور ہیلو برادر جیسی کئی مشہور فلموں میں اہم اور بہترین مزاحیہ کردار ادا کرچکے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف کامیڈین جونی لیور کا کہنا تھا کہ ’میں نے اپنے کیریئر میں کام کئے ہیں جب جاکر لوگ مجھے پسند کرتے ہیں لیکن اب میں کچھ لمحے انتظار کرنا چاہتا ہوں تاکہ کچھ مختلف کرسکوں ورنہ لوگ کہیں گے کہ جونی لیور ایک جیسا ہی کام کرتا ہے جب کہ نیا کامیڈین ہماری طرح تو کامیڈی نہیں کر سکتا لیکن کوشش انہیں جاری رکھنی چاہئے۔
جانی لیور نے مزید کہا کہ اس شعبے میں کوئی کسی کا حق نہیں مارتا اور کوئی کسی کا ٹیلنٹ بھی دبا نہیں سکتا جب کہ آج کل اسٹارز بھی لوگوں کو ہنسانے کے لئے کامیڈی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جوکہ اچھی بات ہے لیکن چاہے کچھ بھی ہو کامیڈین کامیڈین ہی ہوتا ہے کیوں کہ کامیڈی اتنا مشکل کام ہے کہ اس کے لئے وقت نکالنا پڑتا ہے، میں تو زیادہ کام نہیں کرتا لیکن اچھا کرنے کی کوشش ضرور کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ 80 کی دہائی سے فلمی دنیا سے وابستہ جونی لیور اب تک 3 سو سے زائد فلموں میں اداکاری کرچکے ہیں جب کہ وہ 13 مرتبہ فلم فئیر ایوارڈ کے لیے نامزد اور متعدد مشہور ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔