اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سابق آسٹریلین کرکٹر ڈین جونز کو بغیر ویزہ پاکستان لانے پر سخت نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کو غیر ممالک میں قانون کی پابندی کرائی جاتی ہے۔ غیر ملکی ائیر لائنز پر بھی وہی قانون لاگو کیا جائے اور خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے غیر ملکی ایئر لائنز کیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ وزارتِ داخلہ کسی بھی شخص کو بغیر ویزہ پاکستان میں داخلے کی اجازت دے سکتی ہے۔ کوئی غیر ملکی ویزہ کے بغیر پاکستان میں داخل نہیں ہو سکتا۔
پاکستان آنے کے خواہشمند افراد کو پاکستانی قوانین اور سفری قواعد وضوابط کی پاسداری کرنا ہوگی۔ وہ وقت گیا جب قوانین اور قواعد وضوابط کی دھجیاں اڑائی جاتی تھیں اور کوئی پوچھنے والا نہ تھا۔