اردن (اصل میڈیا ڈیسک) اردن کے وزیر داخلہ مازن الفرایہ نے بتایا کہ ریاستی سیکیورٹی عدالت کے پراسیکیوٹر کی جانب سے جاری کردہ میمورنڈم کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے معطل رکن پارلیمنٹ اسامہ العجارمہ کو گرفتار کیا ہے۔
العجارمہ کا معاملہ پچھلے مہینے میں اس وقت شروع ہوا جب اردن کی پارلیمنٹ نے اس کی رکنیت معطل کردی تھی۔ العجارمہ پر مبینہ طور پر پارلیمنٹ کی توہین،اس کے وقار ، اس کی ساکھ ، اس کے ممبروں اور پارلیمنٹ کے داخلی نظام پر تنقید کے بعد اس کی رکنیت معطل کردی گئی تھی۔
اس فیصلے میں کہا گیا تھا کہ العجارمہ پارلیمنٹ کے کام میں حصہ لینے سے محروم رہے گا۔ رکنیت کی معطلی کے عرصے کےدوران اسے کسی قسم کی قسم کی مالی مراعات بھی نہیں ملیں گی۔
مذکورہ رکن پارلیمنٹ کے حامیوں کے ایک گروپ نے اردن کے دارالحکومت کے مغرب میں ناعور کے علاقے میں ام البساتین کے مقام پر سیکیورٹی فورسز پرحملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ اس موقعے پر ایک گاڑی کو نذرآتش کردیا گیا تھا اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تھی۔