نیویارک (جیوڈیسک) ہالی وڈ کے معروف اداکار جارج کلونی کی لبنانی نژاد برطانوی وکیل امل علم الدین کے ساتھ شادی کی تاریخ طے پا گئی ہے اور دونوں 12 ستمبر کو رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 52 سالہ جارج کلونی اور ان کی 36 سالہ منگیتر امل علم الدین گزشتہ سات ماہ سے میل ملاقاتیں کر رہے تھے اور ان کے درمیان راہ ورسم بڑھنے کے بعد گزشتہ ماہ ان کی منگنی کی خبر منظر عام پر آئی تھی۔
جارج کلونی ماضی میں کئی دوشیزائوں، اداکارائوں اور ماڈلز کی زلفوں کے اسیر رہے ہیں لیکن انھوں نے ان میں سے کسی کو ہمیشہ کے لئے اپنا ساتھی نہیں بنایا تھا اور کسی کے ساتھ بھی عشقیہ تعلقات کی شادی تک منتج ہونے کی نوبت نہیں آئی تھی لیکن اب لبنانی نژاد برطانوی دوشیزہ سے ان کے تعلقات شادی تک پہنچنے جا رہے ہیں۔
ان دونوں کو گزشتہ ماہ لاس اینجلس کے ایک ریستوراں میں رات کے کھانے پر اکٹھے دیکھا گیا تھا۔ اس موقع پر امل نے ایک انگوٹھی پہن رکھی تھی جس کے بارے میں خِیال کیا جاتا ہے کہ وہ منگنی کی تھی۔ کھانے پر ان کے ساتھ سپر ماڈل سینڈی کرافورڈ بھی اپنے خاوند کے ساتھ موجود تھیں۔ یہ دونوں جارج کلونی کے دیرینہ دوست ہیں۔
امل علم الدین انسانی حقوق کی علمبردار ہیں اور برطانیہ میں وکالت کرتی ہیں۔ وہ بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق اور فوجداری قانون میں تخصص رکھتی ہیں۔ جارج کلونی خود بھی انسانی حقوق سے متعلق ایشوز میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور انھوں نے سوڈان کے مغربی علاقے دارفور میں انسانی بحران کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔