لاہور : جنرل سیکرٹری پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ فرخ شہباز وڑائچ نے ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کی بقاء سیاسی ،صحافتی،جمہوری اور آئینی اداروں کی آزادی میں مضمر ہے۔انہوں نے مزید کہاآزادی صحافت کا دن سچ بولنے اور لکھنے والوں کے نام ہے۔
آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ میڈیا کی آزادی برقرار رہنی چاہئے تاکہ تمام شہریوں کے حقوق، تحفظ اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
صحافی کسی بھی معاشرے کا آئینہ ہوتے ہیں صحافیوں نے تلخ سچ بولنے اور لکھنے کیلئے اپنی زندگیاں وقف کر رکھی ہیں، انہیں اسکی پاداش میں کئی بار تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ایسے میں میڈیا پر لگائی جانے والی پابندیاںاور صحافیوں کے ساتھ ظلم ناقابل قبول ہے۔
حکومت کو چاہیے میڈیا کی آزادی اور صحافی برادری کو ہر قسم کے دبائو سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات جاری رکھے تاکہ صحافی اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی بہتر طریقے سے سر انجام دے سکیں۔