صحافی ارشد سلہری کو قتل کی دھمکیاں، جان کو خطرہ، تحفظ فراہم کیا جائے، حکومت سے مطالبہ

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) صحافی ارشد سلہری کو نامعلوم افراد کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان کی زندگی کو شدید خطرات ہیں، تفصیل کے مطابق رانا محمد ارشد سلہری کو اس سے قبل بھی کئی بار دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، ارشد سلہری کو رمشا مسیح کے خلاف توہین مذہب کے الزام کے مقدمہ کی تحقیقی رپورٹ جاری کرنے پر بھی نامعلوم افراد نے قتل کی دھمکیاں دیں۔ فیکٹ فائنڈنگ کے کام سے روکا گیا۔

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری اور سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کے قتل کے خلاف لکھنے پر بھی مسیج اور کالز کے ذریعے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں گئیں۔ سمبٹریال سیالکوٹ میں چرچ جلانے اور ایک مسیحی نوجوان کو تشدد کے ذریعے ہلاک کرنے کے خلاف رپورٹ جاری کرنے پر قتل کرنے کی دھمکیاں دیں گئیں اور ارشد سلہری کو کہا گیا۔

کہ تم یہودی اور امریکی ایجنٹ ہو تمہارا ٹھکانہ جہنم ہے اور تمھیں جلد واصل جہنم کر دیا جائے گا۔ زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر ارشد سلہری زیر زمین رہنے پر مجبور ہے۔ رابط کرنے پر ارشد سلہری نے کہا کہ ان کی زندگی خطرے میں ہے، سیکورٹی ادارے اور حکومت فوری تحفظ فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنا کا م جاری رکھنا چاہتے ہیں مگر کچھ لوگ ان کی زندگی کے خلاف کام کر رہے ہیں اور ان کا تعاقب کیا جا رہا ہے جس کے باعث وہ کام جاری رکھنے سے قاصر ہیں۔