صحافی برادری پولیس کے وحشیانہ تشدد کیخلاف سراپا احتجاج

Journalist Protests

Journalist Protests

جھنگ (جیوڈیسک) اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں پر پولیس تشدد کے خلاف جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پیرمحل، کمالیہ اور گوجرہ کے صحافی بھی سراپا احتجاج بن گئے، دھرنے دے کر سڑکیں بلاک کر دی گئیں، شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ مظاہروں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں مصروف نہتے صحافیوں پر تشدد آزادی صحافت پر حملہ اور ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے، جمہوریت کے نام نہاد علمبرداروں کے مظالم دیکھ کر انسانیت شرمندہ ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزراء کی جانب سے واقعے کی مذمت قبول نہیں، انہیں اپنی کوتاہی اور نااہلی تسلیم کرتے ہوئے فوری مستعفی ہو جانا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے صحافی یک جان ہیں، آزادی صحافت پر کوئی آنچ آنے نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اور آزادی مارچ کے ذمہ داران کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ صحافیوں کا تحفظ یقینی بنائیں، صحافی تمام تر مشکلات کے باوجود عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کا فریضہ نبھاتے رہیں گے۔