جونیئر اسکواش میں پاکستان کی مسلسل ساتویں بار فائنل میں رسائی

 Squash

Squash

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان نے مسلسل ساتویں بار ورلڈ جونیئر اسکواش کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی، ٹیم نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو 2-0 سے مات دی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق نمیبیا میں جاری ایونٹ میں پاکستانی ٹیم کی جانب سے طیب اسلم نے ایک بار پھر فاتحانہ آغاز کیا، انھوں نے محمد شفیق کمال کو 48 منٹ کی جدوجہد کے بعد 3-1 سے ہرایا، طیب نے پہلے گیم میں 11-5 سے کامیابی حاصل کی، دوسرے میں شفیق کمال نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسی مارجن سے فتح حاصل کرتے ہوئے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا، طیب نے ہمت ہارنے کے بجائے حوصلے کو مزید بلند کیا اور تیسرے گیم میں 11-6 سے کامیابی سمیٹ لی، چوتھے گیم میں ایک بار پھر پاکستانی کھلاڑی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ملائیشین اسٹار کو 11-8 سے مات دی۔

دوسرے میچ میں عاصم خان نے ڈیرن چین ٹی لیون کو 3-0 سے ہرایا، انھوں نے پہلے گیم میں 11-5 سے کامیابی حاصل کی، دوسرے میں وہ 11-7 سے سرخرو ہوئے، تیسرے میں عاصم کو تھوڑی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن آخری لمحات میں11-9 سے فاتح قرار پائے۔ 2-0 کی فیصلہ کن برتری کی وجہ سے علی شاہ بخاری کو ایان یو کیخلاف کورٹ میں اترنے کی ضرورت ہی نہ پڑی۔

اس کامیابی کے بعد پاکستان نے مسلسل تیسری بار ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی،اس بار بھی اس کا سامنا مصر کے ساتھ ہو سکتا ہے جیسے سیمی فائنل میں اسپین کا چیلنج درپیش ہوگا۔ یاد رہے کہ 2010 اور 2012 میں بھی پاکستان اور مصر کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں تھیں اور دونوں ہی بار قومی ٹیم کو شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔