جسمم کا آج ہڑتال کا اعلان، سندھ کے مختلف شہروں میں 19 دھماکے

Larkana

Larkana

لاڑکانہ (جیوڈیسک) جئے سندھ متحدہ محاذ کی جانب سے آج تحفظ پاکستان بل اور مقصود قریشی کے قتل کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، حیدرآباد اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں دستی بموں سے 19 دھماکے کئے گئے۔ شام ساڑھے 7 بجے سندھ کے مختلف علاقے دستی بموں کے دھماکوں سے گونج اٹھے، کوٹری میں خورشید کالونی اور قاسم آباد میں سحرش نگر کے قریب ریلوے ٹریکس پر دو دھماکے ہوئے، دھماکوں سے ریلوے ٹریکس کو جزوی نقصان پہنچا، لطیف آباد نمبر 7 میں فلائی اوور کے قریب اور میراشاہ روڈ پر دستی بم کے دھماکے ہوئے، وحدت کالونی میں رینجرز ہیڈکوارٹر کی دیوار پر بھی نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا، جبکہ ہیرآباد میں نامعلوم افراد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی حیدرآباد پیر فرید جان سرہندی کے مطابق پولیس اور رینجرز نے قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں کریک ڈاوٴن کرکے قوم پرست جماعت کے 13 کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے، نوشہروفیروز کے علاقے کنڈیارو اور محراب پور میں بھی دستی بم کے تین دھماکے ہوئے، دادو میں بس اسٹاپ ریلوے پھاٹک، مرکھ پور، نیوچوک میں ہوٹل اوراسٹیشن روڈ پر نجی بینک کے باہر دستی بم کے دھماکے کئے گئے، تمام دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آج جئے سندھ متحدہ محاذ کی جانب سے تحفظ پاکستان بل اور جسقم کے چیرمین بشیر قریشی کے بھائی مقصود قریشی کے قتل کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

ادھر مہران یونیورسٹی جامشورو میں آج ہونے والے امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔