جماعة الدعوة نے بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے امدادی کیمپ لگا دیئے

لاہور : جماعة الدعوة نے بلوچستان کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے لاہور کے مختلف چوکوں و چوراہوں پر امدادی کیمپ لگا دیئے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد بلوچستان کے مصیبت زدہ بھائیوں کے لئے امداد جمع کروا رہی ہے۔ لاہور سے جلد امدادی سامان کی کھیپ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی ہدایات پر جماعة الدعوة نے لاہورمیں چوبرجی چوک،بابو صابو انترچینج،ڈیفنس،مغلپورہ،مون مارکیٹ گلشن راوی،دبئی چوک اقبال ٹائون، واپڈا ٹائون گول چکر،چوک شالامارو دیگر مقامات پر امدادی کیمپ لگائے ہیں جہاںبلوچستان کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان جمع کیا جا رہا ہے۔امدادی کیمپوں پر لائوڈ سپیکر کے ذریعے متاثرین کی امداد کے لئے اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ شہری جوش وجذبے کے ساتھ زلزلہ متاثرین کے لئے سامان ،راشن،خوراک،نقدی جمع کروا رہے ہیں۔امیر جماعة الدعوة لاہور مولانا ابوالہاشم کے مطابق امدادی کیمپوں پر جمع ہونے والے سامان کی کھیپ جلد بلوچستان روانہ کی جائے گی،انہوں نے بتایا کہ جماعة الدعوة زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ہمیشہ کی طرح اب بھی بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے۔

جماعة الدعوة کے رضا کار بلوچستان کے مختلف زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تباہ ہونے والے مکانوں کے ملبے سے سامان نکالنے کے علاوہ میڈیکل کیمپوں کے ذریعہ زخمیوں کا علاج معالجہ کر رہے ہیں جبکہ متاثرین میں پکی پکائی خوراک بھی تقسیم کی جا رہی ہے اوربنیادی ضروریات کو پوری کرنے کے لئے متاثرین میں نقد رقوم بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔ اسکے علاوہ بچوں کے لئے دودھ ،جوس ، بسکٹ کے پیکٹ اور دیگر اشیائے خوردونوش کی تقسیم بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعة الدعوة کے رضاکار خدمت انسانیت کے جذبے سے سرشار چوبیس گھنٹے امدادی کاموں میں مصروف عمل ہیں۔بلوچستان کے زلزلہ سے متاثرین امید بھری نظروں سے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے پوری قوم کو بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا چاہئے۔