اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل میں مفرور ملزمان ناصر بٹ اور میاں سلیم رضا کے نام انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیے۔
ایف آئی اے کی جانب سے جاری ریڈ بک میں 1210 افراد کو انتہائی مطلوب دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے اس فہرست میں جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کے مرکزی ملزمان ناصر بٹ اور میاں سلیم رضا کو بھی انتہائی مطلوب دہشت گرد قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے نے انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت میں بھی ناصر بٹ اور میاں سلیم رضا کے نام انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست دائر کی تھی تاہم عدالت نے یہ کہہ کر ایف آئی اے کی درخواست مسترد کر دی تھی کہ یہ معاملہ سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔
اس کے علاوہ ایف آئی اے نے بانی متحدہ الطاف حسین کا نام بھی ریڈ بک میں شامل کر لیا ہے۔