اسلام آباد (جیوڈیسک) ججز نظر بندی کیس میں پرویز مشرف کوایک مرتبہ پھر حاضری سے استثنیٰ مل گیا ، سابق صدر کے وارنٹ منسوخی سے متعلق درخواست پر سماعت نہ ہو سکی۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سہیل اکرام نے ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی، سابق صدر کی جانب سے میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس پر پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہر سماعت پر ملزم کی جانب سے بیماری کی ایک ہی نوعیت کی درخواست دائر کی جاتی ہے۔
تاہم عدالت نے پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کی استثنیٰ منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آٹھ جنوری تک ملتوی کر دی۔ پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث وارنٹ منسوخی کی درخواست پر سماعت نا ہو سکی۔
پراسیکیوٹر نے تفتیشی افسر کو چالان جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔