اسلام آباد (جیوڈیسک) ججز نظر بندی کیس میں عدالت نے پرویز مشرف کو 13 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔غداری کے مقدمے میں مشرف کے وکلا کو دستاویزات کی فراہمی کے لیے استغاثہ نے 3 جون تک مہلت لے لی ہے۔
ججز نظر بندی کیس میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو آج پیشی کا حکم دیا تھا، ان کے وکیل نے آج حاضری سے استثنا کی درخواست پیش کی جو عدالت نے منظور کرلی اور انہیں آیندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔
پرویز مشرف کی طرف سے مستقل استثنا کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے، وکلائے صفائی کا موقف ہے کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد حاضری سے استثنا دیا جاتا رہا ہے۔ دوسری جانب غداری کیس میں استغاثہ نے پرویز مشرف کے وکلا کو مطلوب دستاویزات کی فراہمی کیلیے مہلت طلب کی۔
عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت تین جون تک ملتوی کر دی۔ سابق صدر کے وکلا نے غداری کیس میں گواہوں کی فہرست اور ایف آئی اے انکوائری کا مکمل رکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔