ججز نظر بندی کیس، مشرف کی حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی عدالت حاضری سے مستقل استثنٰی سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پرویز مشرف عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔ اکبر بگٹی قتل کیس میں بھی سابق صدر کو استثنٰی مل چکا ہے۔ لہٰذا اس کیس میں بھی حاضری سے استثنٰی دیا جائے۔

پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے پرویز مشرف کی مستقل استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف اس کیس کے مرکزی ملزم ہیں۔ استثنٰی دینے سے کیس متاثر ہو گا۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ وفاق نے پرویز مشرف کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پولیس اور وزارت داخلہ نے بھی پرویز مشرف کو سیکیورٹی دینے کی رپورٹ جمع کرا چکی ہے۔

وکلاء کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے کیس پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو نو جنوری کو سنایا جائے گا۔