اسلام آباد (جیوڈیسک) ججز نظر بندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو پھر حاضری سے ایک دن کا استثنیٰ مل گیا، عدالت نے مقدمے کے گواہان تین پولیس اہلکاروں کو بیانات قلمبند کرانے کیلئے پانچ جون کو طلب کر لیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج سہیل اکرام نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت کی۔ سابق صدر کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ نے پرویز مشرف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور موقف اختیار کیا کہ سیکورٹی خدشات، ناساز طبیعت کے باعث عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔
کوئٹہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کو حاضری سے مکمل استثنیٰ دے دیا۔ ججز نظر بندی کیس میں بھی سابق صدر کو مکمل استثنیٰ دیا جائے اور مقدمے کے گواہان کو طلب کر کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں۔ پبلک پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے کہا کہ ملزم پرویز مشرف کی غیر موجودگی میں گواہان کے بیان ریکارڈ نہیں کیے جا سکتے۔
عدالت نے پرویز مشرف کی صحت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے تین گواہان ایس آئی دلدار، ہیڈ کانسٹیبل محمد افضل اور کانسٹیبل حماد اللہ کو بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ کیس کی مزید سماعت پانچ جون تک ملتوی کر دی گئی۔