ججز حکومت سمیت کسی ادارے کے دباؤ میں نہ آئیں، جسٹس وقار سیٹھ

Waqar Ahmad Seth

Waqar Ahmad Seth

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے کہا ہے کہ ججز کسی کے زیر اثر نہیں، وہ حکومت سمیت کسی ادارے کے زیر اثر نہ آئیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ وقار احمد سیٹھ کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی طاقت اعتماد ہے، عدلیہ کا بھی دیگر اداروں کی طرح احتساب ہوتا ہے، عدلیہ کو انتظامی سطح پر اصلاحات اور موجودہ حالات میں عدلیہ ریفارمز بہت ضروری ہیں۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آج کل دیگر ادارے عدلیہ کے کاموں میں مداخلت کرتے ہیں، خیبر پختونخوا کے ججز کسی کے زیر اثر نہیں، ججز حکومت سمیت کسی ادارے کے زیر اثر نہ آئیں، ماتحت عدلیہ کو بنا خوف و خطر فیصلے کرنے چاہئیں۔

جسٹس وقار احمد نے کہا کہ ماتحت عدلیہ کو اداروں کی بڑھتی مداخلت سے بالاتر ہوکر فیصلے کرنے چاہیں، ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کو ماتحت عدلیہ کے حوالے سے کردار ادا کرنا ہوگا، رجسٹرارز کا کام ہے کہ ماتحت عدلیہ کو پیغام دیں کہ وہ آزاد ہیں اور کسی کی مداخلت قبول نہ کریں، ایسے اداروں کا دباؤ نہ لیں جو تاثر دے رہے ہیں کہ وہ ہی رہنمائی کرسکتے ہیں۔