اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی آج کی پیشی سے استثنٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت انتیس اگست تک ملتوی کر دی ، آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو طلب کر لیا گیا۔
اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے پرویز مشرف کے خلاف ججز نظربندی کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالتی حکم کے باوجود سابق صدر مشرف آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
پرویز مشرف کے وکیل صفدر جاوید ملک کی جانب سے نیا میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں پیش کیا گیا۔ انہوں نے سابق صدر کی جانب سے حاضری سے استثنٰی کی درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز مشرف خرابی صحت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ، آج کی حاضری سے استثنٰی دیا جائے ، پراسیکوٹر عامر ندیم تابش نے پرویز مشرف کو حاضری سے استثنٰی دینے اور میڈیکل سرٹیفکیٹ پر اعتراض عائد کیا اور موقف اختیار کیا کہ ملزم جان بوجھ کر عدالت میں حاضر نہیں ہو رہا۔
ملزم کی عدم حاضری کی وجہ سے کیس کی سماعت متاثر ہو رہی ہے، ہر سماعت پرویز مشرف کے وکلاء ایک جیسی میڈیکل رپورٹ ہی عدالت میں پیش کر دیتے ہیں، پرویز مشرف کو کون سی ایسی بیماری ہے جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لیتی، پرویز مشرف کے ضمانتی راشد قریشی نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف سے بات ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ جلد اسلام آباد آ رہے ہیں۔
پرویز مشرف جب اپنے فارم ہاؤس آئیں گے تو عدالت بھی پیش ہونگے، عدالت نے آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کو طلبی کے سمن جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔