اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے وکیل نے انتخابات میں منظم دھاندلی ثابت کردی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کے وکیل نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کے رو برو ثابت کردیا ہے کہ 2013 کے انتخابات میں منظم دھاندلی ہوئی،پنجاب میں ریٹرننگ افسران ان منظم دھاندلی کا حصہ تھے، مسلم لیگ (ن)، آر اوز اور الیکشن کمیشن مل کر میچ کھیلتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں ریٹرننگ افسران کو کھلا چھوڑا، جنہوں نے امیدواروں اور ان کے نمائندوں کو ووٹوں کی گنتی کے عمل میں شامل نہیں ہونے دیا اور انہوں نے خود ووٹوں کے تھیلے بھرے ، موجودہ الیکشن کمیشن کے سوا سارا کمیشن دھاندلی میں ملوث ہے، الیکشن کمیشن کی وجہ سے چور اور ڈاکوحکمران بن کرعوام پر مسلط ہوگئے۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نادرا کو ووٹوں کی تصدیق کرنی تھی کیونکہ انہوں نے اس کا دعویٰ کیا تھا، پہلے نادرا کے چیرمین نے کہا کہ ان کے حلقے میں 93 ہزار ووٹوں کی شناخت نہیں ہوسکتی، اس کے بعد انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں 93 ہزار میں سے 98 فیصد ووٹ درست ہیں،یہ نادرا کا چیرمین ہے یا ولی اللہ، جنہیں سب باتوں کا پہلے سے ہی پتہ چل جاتا ہے۔
انہیں کیسے پتہ چلا کہ کون سا انگوٹھا ٹھیک ہے اور کون سا غلط۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں الیکشن کمیشن نے انتخابات میں آر اوز کو کھلی چھوٹ دی، پنجاب کے اکثر حلقوں کے پولنگ بیگز میں فارم 15 موجود ہی نہیں، جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات میں آر اوز کی پشت پر موجود لوگوں کا بھی پتہ چل جائے گا۔