جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد عمران خان اب پچھتا رہے ہیں، مسلم سٹوڈنٹ فیڈریشن

MSF

MSF

لاہور : مسلم سٹوڈنٹ فیڈریشن پنجاب کے صدر شہزاد شریف خان،صدر لاہور سید عمران زیدی ،سینئر نائب صدر ہمایوں بٹ ،نائب صدر سنی پرنس ،جنرل سیکریٹری لیئق گجر ،وسیم قریشی اور فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعدا سٹیج پر دھاندلی کے نعرے لگانے والے عمران خان اب پچھتا رہے ہیں۔

عمران خان کو چاہیے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے سبق سیکھیں اورآئندہ الیکشن کا انتظار کریں، تحریک انصاف کو احتجاجوں اور دھرنوں کی سیاست سے اجتناب کرناچاہیے کیونکہ ملک ایسی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، ایک طرف عمران خا ن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو تسلیم کرتے ہیں لیکن دوسری طرف وہ الیکشن کمیشن کے ارکان سے استعفوں کا مطالبہ کرتے ہیں جو کہ غیر مناسب ہے اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد دھرنے کی سازش اور ساری چیزیں قوم کے سامنے آگئی ہیں اور قوم کو حقائق کا پتہ چل گیا۔

عمران خان نے پریس کانفرنس میں جو وضاحت کرنے کی کوشش کی ہے وہ عوام نے مسترد کردی تھی اب عمران خان دھاندلی دھاندلی کاورد چھوڑ دیں ۔عمران خان نے دو سال جس سیاسی ماحول میں سیاست کی اب اس سے باہر نکلیں اور تعمیری سیاست کی طرف توجہ دیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے آگے بڑھنا چاہتی ہے اس لیے عمران خان کو چاہیے کہ وہ 2018 کے انتخابات کو شفاف ترین بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ قانون سازی میں مد د کریں۔

انہوں نے کہا کہ سٹیج پر دھاندلی کے نعرے لگانے والے عمران خان صاحب اب پچھتا رہے ہیں۔ کئی ماہ دھرنوں میں ملک و قوم کا وقت ضائع کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا۔ عمران خان اب انقلاب کے جھوٹے دعوئوں سے نئی نسل کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئے۔ تحریک انصاف نے پاکستان کی سیاسی اقدار کو مسخ کر دیا۔ لیکن عمران خان صاحب جان لیں کہ الزام تراشی اور بیان بازی کے ذریعے سیاست کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔ عوام کی خدمت کرنے والے ہی عوام کے سامنے سرخرو ہوں گے۔