لندن (جیوڈیسک) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ آئین اور قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ جوڈیشل کمیشن میں ایجنسیوں کو شامل کر لیاجائے۔ سپریم کورٹ کے جج کے ساتھ تفتیشی افسر بیٹھ جائے تو عدلیہ ، قانون اور آئین کی کیا پوزیشن رہ جائے گی۔
چیف الیکشن کمیشنر کے لیے آج پھر سیاسی جماعتوں سے رابطے کروں گا۔ لندن پہنچنے کے بعد خورشید شاہ نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے لیے وہ آج پھر سیاسی جماعتوں سے رابطے کریں گے۔
عمران خان کے جوڈیشل کمیشن میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کی شمولیت کے مطالبے پر خورشید شاہ نے کہا کہ آئین اور قانون میں ایسی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ دھرنا ایک سیاست ہے، عمران خان کو یہی ہم بتارہے ہیں کہ یہی جمہوریت ہے۔ اس کو ڈی ریل نہ کیا جائے۔ اگر آمریت ہوتی تو عمران خان کو شاید گھر سے نکلنے نہ دیا جاتا۔