لاہور (جیوڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت اور عدلیہ کو اپنی اپنی ذمہ داریاں سمجھنی چاہئیں ہم نے عدلیہ کو بہتر بنانا ہے اور ملک ٹھیک کرنا حکومت کا کام ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے مزید کہا کہ ہائی کورٹ ہر کام میں سو موٹو نہیں لے سکتا، ہم حکومت کے کسی کام میں مداخلت نہیں کر رہے۔
ہم نے عدلیہ کو بہتر بنانا ہے، ملک کو ٹھیک کرنا حکومت کا کام ہے جب کہ ملک کے تمام اداروں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں سمجھنی چاہئیں ، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ضلعی عدالتوں کو فنکشنل اور ان کا نظام بہتر کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اگر ضلعی عدالتیں بہتر کام کریں گی تو کسی کو بھی ہائی کورٹ آنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
عید کی تعطیلات کے بعد شکایات سیل بھی کھول رہے ہیں اگر کسی بھی شہری کو ہمارے ادارے سے کوئی پریشانی ہے تو وہ وہاں شکایات درج کر سکے گا۔ ستمبر سے پہلے خالی آسامیاں بھی پر کریں گے، ستمبر میں جوڈیشل کیلنڈر کا آغاز ہوتا ہے اس سے پہلے آسامیوں کو پر کر لیا جائے گا۔