جوہرآباد میں 5 ٹریفک حادثات آئل ٹینکر ڈرائیور جاں بحق 8 زخمی

Traffic Accidents

Traffic Accidents

جوہرآباد (جیوڈیسک) ٹریفک کے 5 حادثات میں آئل ٹینکر ڈرائیور جاں بحق جبکہ سپیشل بچے سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ قائد آباد روڈ پر اوکھلی موہلہ کے قریب ٹرک اور ٹینکر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ٹینکر ڈرائیور عظمت خان موت کی آغوش میں سوگیا جبکہ کنڈیکٹر ولی محمد زخمی ہوا۔ کدھی کے گائوں ڈھاک میں موٹر سائیکل رکشہ کی ٹکر سے سپیشل بچہ کامران زخمی ہوا۔

تیسرا حادثہ یونائٹیڈ سی این جی کے نزدیک موٹر سائیکل اور کار کے تصادم میں موٹر سائیکل سوار نعمان اور شان زخمی ہو گئے۔ چوتھا حادثہ جوہرآباد مظفر گڑھ روڈ پر چک 8والا موڑ کے قریب ہوا جہاں ایک گدھا گاڑی موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں فلک شیر اور ایک خاتون شہناز بی بی زخمی ہوئیں۔

چوتھا حادثہ موضع جبی کے نزدیک ہوا جہاں دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں وقار عزیز اور کمسن بچی مناہل زخمی ہوئیں، تمام زخمیوں کو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔