سکھر (جیوڈیسک) سکھر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما خالد محمود سومرو کے قتل کے خلاف سکھر، لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں مکمل ہڑتال ہے، اور واقعہ کے خلاف کارکنوں نے مختلف جگہوں پراحتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے۔
لاڑکانہ میں ڈاکٹر خالد محمود سومرو کے قتل کے واقعہ کے بعد شہر میں صبح کھلنے والی دکانیں ، پیٹرول پمپ بند ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سکھر کے قریب گوٹھ قریشی میں مدرسہ حقانیہ میں کارکن احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں۔
ڈاکٹر خالد کے قتل کے خلاف دادو میں کارکنوں کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔ مشتعل کارکنوں نے ایس پی چوک پر دھرنا دیا ہوا ہے۔ اوباڑو اور گھوٹکی میں مکمل ہڑتال ہے، جبکہ کارکنوں نے مہیسرو کے مقام پر قومی شاہراہ پراحتجاجی دھرنا دے رکھا ہے۔
جس کے باعث سندھ اور پنجاب کی ٹریفک معطل ہے۔ ڈاکٹر خالد محمود کے قتل کے خلاف میہڑ، ٹنڈو غلام علی، مٹھی، عمرکوٹ، پڈعیدن، کشمور، کنڈکوٹ، ٹُھل، جیکب آباد، میر پورمیں بھی مکمل ہڑتال ہے اور لوگ احتجاج کررہے ہیں۔