پشاور (جیوڈیسک) جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع کی بات آل پارٹیز اجلاس میں کی جائے، پہلے بھی کہا تھا آج بھی سمجھتے ہیں فوجی عدالتوں کا قیام عام عدالتوں پر عدم اعتماد کے مترادف ہوگا۔
جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا اپنی جماعت کی دوروزہ مشاورتی کانفرنس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ وہ فوجی عدالتوں کے حق میں نہیں، فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع عدالتی نظام پر عدم اعتماد ہے، اکیسویں ترمیم سے 73 کے آئین کی متفقہ حیثیت کو زخم لگا۔
مولانا فضل الرحمان نے ملک سے حال ہی میں لاپتہ کیے گئے افراد کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ توہین رسالت قانون میں کسی قسم کی ترمیم کو قبول نہیں کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ ان کی جماعت 7سے 9اپریل تک اپنے قیام کی صد سالہ تقریبات پشاور میں منائے گی جس میں امام کعبہ بھی شرکت کریں گے۔