جے یو آئی خیبر پختونخوا کا حکومت مخالف مظاہروں کا شیڈول جاری

JUI F

JUI F

پشاور (جیوڈیسک) جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا نے ڈویژنل سطح پر احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کر دیا جس کے تحت 23 فروری سے 2 مارچ تک ڈویژنل ہیڈ کواٹرز میں احتجاج ہو گا۔

جے یوآئی بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ ضلعی جماعتیں اتحادی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں بااختیار ہونگی۔ یہ فیصلے جمعیت علمائے اسلام پختونخوا کے نائب امیر مولانا عطا الرحمن کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

جمعیت کے صوبائی ترجمان عبدالجلیل جان نے فیصلوں کی تفصیلات جاری کر تے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں 26 جنوری کے احتجاجی مظاہرہ کی کامیابی اور عوام کی بھر پور شرکت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی ناقص کارکردگی، اغواء، ڈکیتی اور امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کیخلاف عوامی سطح پر احتجاج جاری رکھا جائیگا اور ڈویژنل سطح پر احتجاجی مظاہروں کا شیڈول طے کیا گیا

جس کے مطابق ڈیرہ ڈویژن میں 23 فروری، بنوں ڈویژن 24 فروری، کوہاٹ ڈویژن 25 فروری، مردان ڈویژن 27 فروری، ملاکنڈ ڈویژن 28 فروری اور ہزارہ ڈویژن میں 2 مارچ کو احتجاجی جلسے ہونگی جن سے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کریں گے۔