Prime Minister Chaired Parliamentary Parties Meeting
اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں جے یو آئی (ف) اور ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک واپس لینےکے لئے مزید وقت مانگ لیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کے چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں خورشید شاہ، مولانا فضل الرحمان، رشید گوڈیل، سراج الحق ، محمود خان اچکزئی، غلام احمد بلور، خالد مقبول صدیقی، اعجاز الحق، پرویز رشید، اسحاق ڈار اور خواجہ سعد رفیق نے شرکت کی تاہم تحریک انصاف کا کوئی رہنما اجلاس میں شریک نہیں ہوا۔
اجلاس میں انکوائری کمیشن کی رپورٹ، تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کےلیے ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کی قراردادوں کی واپسی اور انتخابی اصلاحات سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انتخابی اصلاحات کے لئے قائم پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے کی گئی پیش رفت پر بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں جے یو آئی (ف)جے یو آئی (ف) اور ایم کیو ایم نے تحریک انصاف کے ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک واپس لینے کے بارے میں پارلیمنٹ سے باہر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے لئے مزید وقت مانگ لیا ہے۔
اس سے قبل اجلاس کے دوران ایم کیوایم کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ دھرنےمیں پارلیمنٹ اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف انتہائی غیراخلاقی زبان استعمال کی گئی،جو کچھ تحریک انصاف نے کیا ہم نے کیا ہوتا ہمارا حشر کردیا جاتا، یہ تاثر ہےکہ حکومت اپنی آسانی کے لیے تحریک انصاف کے استعفے قبول نہیں کرنا چاہتی۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آئین اور قومی اسمبلی کے قواعد کےتحت تحریک انصاف کے ارکان مستعفی ہوچکے ہیں،انہیں آئین کی ایسی شق بتائیں جس کے تحت ان استعفوں کا قانونی جواز نہ بنتا ہو لیکن اگر ان کے استعفوں پر نظریہ ضرورت کا سہارا لینا ہے تو اور بات ہے۔