مہمند ایجنسی (شکیل مومند) جے یو آئی پوری دنیا میں اسلام کی سربلندی کیلئے عملی کوششیں کر رہی ہے، شیخ الہند نے برصغیر پاک وہند کے دور میں استعماری قوتوں اور فرنگی سامراج کے خلاف جدوجہد آزادی کا آغاز کیا تھا ،علماء کرام اور دینی مدارس کی مخالفت کرنے والے از خود صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے ، مغربی ایجنٹ نوجوان نسل کو تبدیلی کے نام پر اور ناچ گانوں کے ذریعے گمراہ کررہے ہیں
جے یوآئی اہل باطل قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ، ملک کے حکمران طبقات اور بیوروکرسی امریکی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں ، فاٹا اور بلوچستان میں اصل جنگ قدرتی وسائل پر ہے ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام مہمند ایجنسی کے زیر اہتمام غلنئی سپورٹس سٹیڈیم میں منعقدہ دستار فضیلت کانفرنس کے موقع پر جے یو آئی صوبہ خیبر پختونخواہ کے نائب امیر وسینٹیر مولانا عطاء الرحمان، صوبائی امیر پختونخواہ وسابق سینیٹرمولانا گل نصیب خان، ناظم اطلاعات مولانا جلیل جان، مولانا رفیع اللہ قاسمی، مولانا مفتی صہیب ، مفتی سیدنورشاہ، سابق ایم این اے مولانا غلام محمد صادق ، مقامی رہنماء جے یوآئی مولانا سمیع اللہ، جے یو آئی مہمندایجنسی کے امیر مولانا محمد عارف حقانی، مولانا زین اللہ، اور دیگر علمائے کرام نے ہزاروں افراد پر مشتمل ایک بڑی عوامی اجتما ع سے خطا ب کے دوران کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ قبائلی عوام ایک غیرت مند قوم ہیں اور وہ ملک واسلام سے حقیقی معنوں میں محبت کرنے والے لوگ ہیں اسلئے جے یوآئی نے ملک کی سطح پر ہر وقت قبائلی عوام کی حقوق کیلئے بھر پور آواز اٹھائی ہے اب موجودہ صوبائی حکومت مغربی قوتوں کی ایما ء پر پختونخواہ میں فحش کلچراور ناچ گانوں کے ذریعے نوجوان نسل کے اخلاق اور کردار میں بگاڑ پید ا کررہے ہیں کیونکہ یہ اہل باطل قوتیں دینی مدارس اور علماء کرام کے خلاف بھی منفی پروپیگنڈ ے کررہے ہیں لیکن جے یوآئی ڈٹ کر ان باطل قوتوں کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں ہر مسئلے کا حل موجود ہے لہٰذہ پختون قوم اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق پیدا کرکے دین اسلام کی سربلندی کیلئے کوششوں کو تیز کرد یں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر علمائے کرام سیاست کرنا اور درس وتدریس کا سلسلہ چھوڑدیں توپھر ان جوان علمائے کرام کو پگڑیاں کون پہنائے گااور یہ دینی مدارس بھی ازخود ختم ہوجائیں گے تو پھر قوم کو کون اسلامی تعلیمات سے بہر ہ ور کریگا۔
انہوں نے کہا آج کے جلسے سے ثابت ہوا کہ مہمند ایجنسی جے یوآئی گڑھ ہے جس میں لوگ جوق درجوق مختلف قبائلی علاقوں میں قافلوں کی شکل میں داخل ہورہے ہیں ۔جے یوآئی کے نائب امیر خیبر پختونخواہ سینیٹر مولانا عطاء الرحما ن نے کہا کہ برصغیر پاک وہند کے دور میں حقیقی آزادی کیلئے پہلی آواز نشیخ الہند تھانوی نے فرنگی سامراج کے دور میں اٹھائی جب انگریزوں نے ہندوستان پر قبضہ کرلیا توان کے قائدین نے کہا کہ علماء کرام کو پورے برصغیر میںقتل کردوں اور پورے ہند وستان میں ساٹھ ہزار سے زائد علمائے کرام کو قتل کردیا گیا اس وقت سے جے یوآئی علمائے کرام اور دینی مدارس کی سرپرستی کیلئے ایک حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔
انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس عوامی منصوبوں کیلئے کوئی تدبیر نہیں ہے اور ان سے گزشتہ سال کی امسال بھی مختلف ترقیاتی منصوبو ں کی مد میں ملی ہوئی اربوں روپے کی فنڈ ضائع ہورہی ہے جو کہ ان کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے اور اب وہ صوبے کے غریب عوام کی فنڈ کو ہڑ پ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ جب روس نے افغانستان پر حملہ کردیا تو انہوں نے بھی دینی مدارس اور علمائے کرام کے قتل ہونے کا منصوبہ بنایا جب علمائے کرام کو روس کے ناپاک عزائم کے بارے میں معلوم ہوا توانہوں نے روس کے خلاف جہاد کا اعلان کردیا اور انہی علمائے کی دینی جذبے اور جہاد کی بدولت روس کو عبرتناک شکست دوچار ہونا پڑا۔
دریں اثنا ء صوبہ خیبر پختونخواہ کے امیر وسابق سینیٹر مولانا گل نصیب نے کہا کہ باجوڑ سے لیکر وزیرستان تک ، بلوچستان ، اور خیبر پختونخواہ قدرت وسائل سے مالامال ہے اور ان علاقوں میں جاری شورش بھی ان وسائل کی وجہ سے ہے فاٹا میں اصل جنگ ا ن قدرتی وسائل پر ہے لیکن ان وسائل سے آج تک صحیح معننوں میں استفادہ حاصل نہیں کیا گیایہی وجہ ہے کہ آج بھی ان علاقوں کی 65فیصد سے آبادی خطہ غربت کے نیچے زندگی گزاررہے ہیں جوکہ لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہا وزیرستان میں سونے کے دو اور بلوچستان میں سونے کے دس پہاڑ موجود ہیں۔
انہوں نے ملک پر حکمرانی کرنے والے کے بارے میں بتایا کہ جب ملک پر کوئی مصیبت یا آزمائش آتی ہے تو وہ ملک کو چھوڑ بیرون ممالک کو بھاگتے ہے ۔ اسلئے ملک کے اصل حکمران بھی علمائے کرام ہی ہے اور ملک پر ان کی حکمرانی کا حق بنتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں اکثر حکمرانی کرنے والے طبقا ت اور بیوروکریسی امریکہ کی مرتب کردہ پالیسیوں پر چل رہے ہیں جس نے ملک کا بیڑہ عرق کردیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پوری دنیا کی وسائل پر قبضہ کرناچاہتے ہے جس کیلئے نیٹو فورسز، آئی ایم ایف ، اور عالمی عدالت انصاف کے نام پر ادارے بنائے گئے ہیں جوکہ الٹا ہر سطح پر پوری دنیا میں انسانیت کی تذلیل کررہے ہیں اور ان کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔