لندن (جیوڈیسک) وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے برطانوی پولیس کے سامنے پیش ہونے کا عندیہ دیا ہے،اسانج نے اپنے خلاف تمام کیس اقوام متحدہ کی زیر نگرانی چلانے کی شرط بھی عائد کی ہے۔
اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں جولین اسانج کا کہنا تھا کہ اگر اقوام متحدہ برطانیہ اور سوئیڈن کے خلاف مقدمات میں اس کے خلاف ، فیصلہ دے دے تو وہ خود کو برطانوی پولیس کے سامنے پیش کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ کل ہی اس بات کا اعلان کردے کہ میں برطانیہ اور سویڈن کے خلاف اپنا مقدمہ ہار گیا ہوں ،تو میں جمعہ کی دوپہر ہی ایکواڈور کا سفارتخانہ چھوڑ کر باہر آجاؤں گا۔جولین اسانج نے ساڑھے تین سال سے لند ن میں ایکواڈور کے سفارت خانے میں پناہ لے رکھی ہے۔