کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی مصنوعات کی برآمدات رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ کے دوران 21 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ پاکستان بیور و شماریات (پی بی ایس) سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق جولائی 2013 سے اپریل 2014 تک مختلف ممالک کو 20 ارب 99 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ( 21 کھرب 78 ارب 30 کروڑ روپے) کی اشیا برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایکسپورٹ 20 ارب 14 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہی تھی، اس طرح مذکورہ 10 ماہ کے دوران پاکستانی ایکسپورٹ میں 4.24 فیصد کا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 10 ماہ میں اشیا کی درآمدات 36 ارب 66 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 37 ارب 10 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ( 38 کھرب 45 ارب 42 کروڑ 10 لاکھ روپے) تک پہنچ گئیں جو سال بہ سال 1.2 فیصد کے اضافے کو ظاہر کرتی ہیں، اس طرح جولائی سے اپریل 2014 کے دوران پاکستانی تجارت 16 ارب 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالر ( 16 کھرب 67ارب 12 کروڑ 10 لاکھ روپے) خسارے میں رہی جو گزشتہ مالی سال میں 16 ارب 52 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کے تجارتی خسارے سے 2.51 فیصد کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپریل 2014 میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات 9.97 فیصد کمی سے 1 ارب 91 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، درآمدات 4.04 فیصد کے اضافے سے 4 ارب 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 20.76 فیصد کے اضافے سے 2 ارب 15 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا جبکہ اپریل 2013 میں برآمدات 2 ارب 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر، درآمدات 3 ارب 90 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ 1 ارب 78 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رہا۔ رپورٹ کے مطابق اپریل میں ماہانہ بنیادوں پر برآمدات 14.47 فیصدکم، درآمدات 12.04 اور تجارتی خسارہ 54.71 فیصد بڑھ گیا۔