ترسیلات زر میں جولائی تا اپریل 11.45 فیصد اضافہ، 12 ارب 89 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں

State Bank Of Pakistan

State Bank Of Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 10 مہینوں (جولائی تا اپریل 2014) میں 12 ارب 89 کروڑ 46 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجی گئیں۔
جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 11 ارب 56 کروڑ 98 لاکھ 20 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر سے 11.45 فیصد زیادہ ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اپریل میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 1 ارب 31 کروڑ 18 لاکھ 30 ہزار ڈالر وطن بھیجے جو اپریل 2013 میں ارسال کردہ 1 ارب 21 کروڑ 59 لاکھ ڈالر سے 7.89 فیصد زائد ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 10 ماہ اور اپریل کے دوران بیشتر رقوم خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، کویت وعمان میں مقیم پاکستانیوں نے وطن بھیجیں جبکہ ترسیلات زر کی فراہمی میں سعودی عرب سرفہرست رہا۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 10 ماہ کے دوران پاکستانی ورکرز نے سعودی عرب سے 12.90 فیصد کے اضافے سے 3 ارب 80 کروڑ 63 لاکھ 60 ہزار، متحدہ عرب امارات 9.12 فیصد بڑھ کر 2 ارب 52 کروڑ 28 لاکھ 90 ہزار ڈالر، امریکاسے 11.39 فیصد کے اضافے سے 2 ارب 2 کروڑ 70 لاکھ 60 ہزار ڈالر، برطانیہ 11.62 فیصد کے اضافے سے 1 ارب 79 کروڑ 82 لاکھ 80 ہزار ڈالر، جی سی سی ممالک (بشمول بحرین، کویت، قطر و سلطنت عمان) 14.70 فیصد بڑھ کر 1 ارب 52 کروڑ 74 لاکھ ڈالر، یورپی یونین کے ممالک سے 19.36 فیصد کے اضافے سے 35 کروڑ 53 لاکھ 10 ہزار ڈالر اور ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک سے 3.81 فیصد کے اضافے سے 85 کروڑ 73 لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

جولائی تا اپریل 2013 کے دوران ان ملکوں سے بالترتیب 3 ارب 37 کروڑ 15 لاکھ 90 ہزار ڈالر، 2 ارب 31 کروڑ 20 لاکھ 10 ہزار ڈالر، 1 ارب 81 کروڑ 98 لاکھ 50 ہزار ڈالر، 1 ارب 61 کروڑ 11 لاکھ 10 ہزار ڈالر، 1 ارب 33 کروڑ 16 لاکھ 70 ہزار ڈالر، 29 کروڑ 76 لاکھ 90 ہزار ڈالر اور 82 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں۔