جولائی تا مارچ، برآمدات 19 ارب ڈالر سے تجاوز، تجارتی خسارہ 5.5 فیصد کم ہوگیا

Exports

Exports

کراچی (جیوڈیسک) پاکستانی برآمدی شعبے کی مارچ میں بہتر کارکردگی کے باعث رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کی تجارت میں خسارہ 5.49 فیصد سکڑ کر 13ارب 93 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہ گیا جو مالی سال 2012-13 کی اسی مدت میں 14ارب74کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا تھا۔

جولائی سے مارچ 2013 تک پاکستانی برآمدات 19 ارب 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 18 ارب 1کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی تھیں، اسی طرح گزشتہ 9 ماہ کے دوران برآمدات میں سال بہ سال 6.06 فیصد اضافہ ہوا، اس دوران درآمدات کی مالیت 0.86 فیصد کے اضافے سے 33 ارب 3کروڑ80لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات 32ارب75کروڑ60 لاکھ ڈالر رہی تھیں۔

پاکستان بیوروشماریات سے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق مارچ 2014 میں پاکستانی ایکسپورٹ 6.04 فیصد کے اضافے سے 2 ارب 26 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہی جو مارچ 2013 میں 2 ارب 13 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس دوران درآمدی بل 1.55 فیصد کی سال بہ سال کمی سے 3 ارب 63 کروڑ ڈالر رہا جبکہ مارچ 2013 میں درآمدات کی مالیت 3 ارب 68 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی، اس طرح گزشتہ ماہ 11.98 فیصد کی نمایاں کمی سے تجارتی خسارہ 1 ارب 36 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق فروری کے مقابلے میں برآمدات 4.43 فیصد اور درآمدات 0.83 فیصد زائد رہیں جبکہ تجارتی خسارے میں 4.61 فیصد کی کمی آئی، فروری 2014 میں برآمدات 2 ارب 16 کروڑ 70 لاکھ ڈالر درآمدات 3 ارب 60 کروڑ اور تجارتی خسارہ 1 ارب 43 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا۔