اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈائیریکٹرجنرل میٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ رواں سال جون کے پہلے ہفتے تک ہیٹ اسٹروک کا خدشہ برقرار رہے گا جب کہ مئی کا مہینہ معمول سے زیادہ گرم رہے گا۔
ڈی جی میٹ کا کہنا تھا کہ رواں برس مئی کا مہینہ معمول سے زیادہ گرم رہے گا، مئی کے مہینے میں درجہ حرارت 40 سے اوپرجانے کا امکان ہے جب کہ گزشتہ برس اپریل میں 2 دن درجہ حرارت 40 سنٹی گریڈ تک گیا تھا۔ ہیٹ اسٹروک کے حوالے انہوں نے کہا کہ جون کے پہلے ہفتے تک ہیٹ اسٹروک کا خدشتہ موجود رہے گا۔
دوسری جانب مشیر وزیراعلیٰ سندھ قیوم سومروکا کہنا ہے کہ حکومت نے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤکی تیاریاں کر لی ہیں جب کہ ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے سنٹرزقائم کئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ وہ لوڈشیڈنگ سے بچاؤکے انتظامات کرے۔ دوسری جانب ایدھی فاؤنڈیشن حکام کا کہنا ہے کہ ممکنہ ہیٹ اسٹروک کے خدشے کے پیش نظر 300 قبریں تیار کر لی گئی ہیں جب کہ سرد خانوں میں بھی میتیں رکھنے کا انتظام کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزمحکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں اپریل کے مہینے میں بھی شدید گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔