1987میں دل دل پاکستان سے شہرت حاصل کرنیوالیحال کے معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید آج اپنی انچاسویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ جنید جمشید 3 ستمبر 1964 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ جنید کے والد پاک فضائیہ میں اعلی عہدے پر فائز تھے۔ جنید جمشید بھی فضائیہ میں جا نا چاہتے تھے تاہم بعد ازاں انجینئیرنگ کی تعلیم کے دوران وائیٹل سائنز گروپ میں بطور لیڈنگ سنگر شوقیہ گاناشروع کیا۔
1987 میں پہلے ہی گانے دل دل پاکستان نے ان کیگروپ کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ پاپ میوزک کے دور میں ان کے جو البم ریلیز ہوئے ان میں وائٹل سائنز ون، وائٹل سائنز ٹو،اعتبار، ہم تم، تمھارا اور میرا نام، اس راہ پر، دی بیسٹ آف جنید جمشید اور دل کی بات شامل تھے۔
15 سال تک پاپ میوزک میں کامیابیوں اور دنیا کے مختلف ممالک میں پرفارم کرنے کے بعد جنید جمشید چکا چوند کی دنیا سے مزہب کی جانب راغب ہوئے اور مذہبی تعلیمات نے ان کی کایا پلٹ دی۔ فن کی بلندیوں پر جنید جمشید کا مذہب کی جانب راغب ہونا دنیا بھر کے مسلم حلقوں میں احترام کی نگاہ سے دیکھا گیا۔
پاکستان کے مایہ ناز کرکٹرز سعید انور،مشتاق احمد ،انضمام الحق، ثقلین مشتاق اور شاہد آفریدی کی کایا پلٹ بھی کم و بیش جنید جمشید کے ساتھ ہوئی۔ جنید جمشید کا پہلا نعتیہ البم دوہزار پانچ میں جلو ہ جاناں کے نام سے منظر عام پر آیا۔ اس کے بعد جنید جمشید کے جو نعتیہ البم ریلیز ہو چکے ہیں ان میں محبوب یزداں، بدرالدجی، یاد حرم، ہادی الانام، رب زدنی علما اور نور الہدی کے نام سر فہرست ہیں۔