یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنیوالے پاکستانیوں کیلئے پولیو سرٹیفکیٹ لازمی قرار

Traveling Abroad

Traveling Abroad

کراچی (جیوڈیسک) عالمی ادارہ صحت نے یکم جون سے بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں پر پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے یکم جون سے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لیے پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سرٹیفکیٹ کے بغیر کسی بھی پاکستانی کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں ہو گی۔

عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے بعد حکومت سندھ نے یکم جون سے امیگریشن کاؤنٹر پر ڈاکٹرز کی ٹیمیں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق مطابق ڈاکٹرز کی ٹیمیں پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ کی جانچ پڑتال کے لئے 24 گھنٹے امیگریشن کاؤنٹر پر تعینات رہیں گی جبکہ پولیو ٹریول سرٹیفکیٹ سرکاری اسپتالوں اور بچوں کے ٹیکہ جاتی مراکز سے باآسانی مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لاہور کے علاقے بندر روڈ اور سمن آباد میں موجود گندے نالوں سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس موجود ہے، ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے بعد محکمہ صحت پنجاب میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جس کےبعد محکمہ صحت کی جانب سے شہر میں ایک مرتبہ پھر 2 جون سے انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے بلوچستان کے گندے نالوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی تھی اور اس سے 22 لاکھ بچوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔