جونیئر کرکٹ؛ 14 سالہ کرسٹان نے 404 کی ناقابل شکست اننگز کھیل ڈالی

Kerstin

Kerstin

پورٹ آف اسپین (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز کو نیا برائن لارا مل گیا، جونیئر کرکٹ میں 14 سالہ کرسٹان کالی چرن نے 35 اوورز کے میچ میں 404 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنے تابناک مستقبل کی نوید سنادی۔

تفصیلات کے مطابق سیکنڈری اسکولزکرکٹ لیگ انڈر 14 کے کوارٹر فائنل میں ویلنسیا کیخلاف وشنو بوائز ہندوکالج کی نمائندگی کرنے والے کرسٹان کالی چرن نے 404 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کرنئی تاریخ رقم کردی، ان کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 35 اوورز میں ایک وکٹ پر 548 کا بھاری بھرکم مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، کرسٹان کے 404 ناقابل شکست میں 44 چوکے اور31 چھکے شامل رہے۔

پہاڑجیسا ہدف پانے والی ویلنسیا کی ٹیم 24 اوورز میں 89 پر ڈھیر ہوکر 459 رنزکی بڑی ناکامی سے دوچارہوگئی، کرسٹان کالی چرن کی اس شاندار پرفارمنس کو ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے وزیر کھیل انیل روبرٹس نے سراہتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈین کرکٹ کو نیا برائن لارا مل گیا ہے.

کرسٹان نے اپنی مضبوط جسمانی ساخت اور مہارت کی بنا یہ شاندار پرفارمنس پیش کرکے اپنے تابناک مستقبل کی نوید سنادی ہے، بلاشبہ وہ آنے والے دنوں میں خطے کی کرکٹ کا روشن نام بنے گا، کرسٹان کے کوچ ڈیوڈ فورلونگ نے کہا کہ وہ کرکٹ سے جنون کی حدتک لگائو رکھتا ہے جبکہ خود کرسٹان کا کہنا تھا کہ یہ میرے لیے محض ایک میچ تھا۔

میں نے اپنے قدرتی انداز سے بیٹنگ کی،ابتدا میں میرا ہدف سنچری مکمل کرنے کا تھا لیکن اس کے بعد مجھے اندازہ ہوگیا کہ میں یہاں پر بڑی اننگز کھیل سکتا ہوں اور پھر میں رنز بناتا ہی چلاگیا، ان کی یہ پرفارمنس ملکی اسکول کرکٹ کا ریکارڈ ہے، وہ گذشتہ سیزن بھی اپنے کالج کیلیے 194 کی اننگز کھیل چکے ہیں، واضح رہے کہ برائن لارا کے 168 رنز بھی کچھ وقت کیلیے ریکارڈ رہے ہیں۔