نئی دہلی (جیوڈیسک) جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم آج دوسرے معرکے میں دفاعی چیمپئن جرمنی کے خلاف میدان میں اترے گی۔
دھیان چند سٹیڈیم نئی دہلی میں جاری ہاکی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم اپنے دوسرے گروپ میچ میں دفاعی چیمپئن جرمنی کے خلاف میدان میں اترے گی۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے چار بجے شروع ہو گا۔ گرین شرٹس نے اپنے پہلے معرکے میں مصر کو دلچسپ مقابلے کے بعد تین دو سے زیر کیا تھا۔
پہلے ہاف کے اختتام پر قومی شاہینوں نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دو صفر کی برتری حاصل کی۔دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی مصری کھلاڑیوں نے کم بیک کیا، دو گول کر کے مقابلہ برابر اور سنسنی خیز بنا دیا۔
میچ کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے ایک اور گول کر کے دو کے مقابلے میں تین گول سے فتح اپنے نام کی، محمد عرفان، شکیل بٹ اور توثیق احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔
گروپ اے میں دفاعی چیمپئن جرمنی کو بیلجئیم سے تین ایک سے شکست ہو چکی ہے۔