کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے شائقین کو ’’جونیئر ملک‘‘ کے جلد آنے کی خوشخبری سنا دی
تفصیلات کے مطابق ثانیہ مرزا جب ڈبلز میں نمبر ون ٹینس پلیئر بنیں تو شعیب ملک نے انھیں ٹویٹر پر مبارکباد دیتے ہوئے خود کو ان کا ’نمبرون فین‘ قرار دیا۔ جواب میں ثانیہ نے کہا کہ ’ ایک فین کا دوسرے کو شکریہ، جلد ہی ملاقات ہوگی‘۔ بعد میں شعیب ملک نے ٹویٹر پر فالوورزکے سوالات کے جواب دیے، انھوں نے کہا کہ مجھے ثانیہ مرزا کے نمبر ون پلیئر بننے پر خوشی ہے کیونکہ میں جانتا ہوں کہ وہ کتنی شدت سے محنت کرتی ہیں، میں نے انھیں فون کرکے مبارک باد دی۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ ’جونیئر ملک‘ کب آئیں گے تو انھوں نے کہا کہ ’انشاء اللہ جلد‘ ، بیٹے کو کرکٹر یا ٹینس پلیئر بنانے کے حوالے سے سوال پر شعیب ملک نے کہاکہ یہ بتانا کافی مشکل ہے، ہوسکتا ہے کہ وہ دونوں گیمز کھیلے۔ بیٹی ہونے کی صورت میں نام کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ’ابھی کچھ سوچا نہیں، مرائیلا یا پھر ریم نام ہوسکتا ہے‘۔ شعیب ملک نے واضح کیا کہ وہ کبھی ثانیہ مرزا کو پاکستان کی جانب سے کھیلنے پر مجبور نہیں کریں گے۔
انھوں نے بھارت میں پسندیدہ شہر حیدرآباد کو قرار دیا جہاں ان کا سسرال ہے۔ کسی نے سوال کیا کہ شادی کے بعد ان کی پرفارمنس خراب جبکہ ثانیہ کی بہترہوئی ہے تو شعیب ملک نے یہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ انھوں نے بتایا کہ ثانیہ مرزا عید کے بعد پاکستان آئیں گی جبکہ میں ان سے ملنے جلد ہی حیدرآباد جاؤں گا۔
وہ کہتے ہیں کہ دونوں میں بعض اوقات جھگڑا بھی ہوا جوکہ ثانیہ شروع کرتی ہیں اور میں ختم کرتا ہوں۔ ایک سوال پر شعیب ملک نے کہاکہ ایک ساتھ ٹی وی دیکھتے ہوئے ہمیشہ ریموٹ ثانیہ کے ہی پاس ہوتا ہے، انھوں نے انکشاف کیا کہ پہلی محبت انھیں بچپن میں ہی ہوگئی تھی جو ثانیہ نہیں تھیں۔