کراچی (جیوڈیسک) این اے 246 کا ضمنی الیکشن میں جے یو پی نورانی اور سنی تحریک نے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کر دیا، پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ اب کنور نوید جمیل کے پاس کہنے کو کچھ نہیں تو جھوٹ بولنے لگے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا اویس نورانی سے ملاقات کی۔ اویس نورانی نے ضمنی الیکشن میں عمران اسماعیل کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ اویس نورانی کا کہنا تھا انہوں نے پی ٹی آئی کی حمایت شہر کے امن کے لئے کی ہے۔
پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل نے اویس نورانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جی یو پی نورانی سے اتحاد مستقبل میں جاری رہے گا۔ عمران اسماعیل نے سنی تحریک کے رہنماء شاہد غوری سے ملاقات کی جس کے بعد سنی تحریک نے بھی پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف حلقہ این اے 246 میں اتحادیوں کی تلاش میں ہے ، جے یو پی نورانی اور سنی تحریک سے قبل مجلس وحدت مسلمین بھی پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کر چکی ہے۔