لاس اینجلس (جیوڈیسک) ہالی ووڈ کی سائنس فکشن فلم سیریز ’’جراسک پارک‘‘ کی نئی فلم ’’جراسک ورلڈ: فالن کنگڈم‘‘ کا آخری ٹریلر اور پوسٹر جاری کر دیا گیا۔
اس فلم کی ہدایت کاری کے فرائض معروف ہدایت کار جے اے بیونا نے انجام دئیے ہیں فلم کی کاسٹ میں ایک بار پھر کرِس پریٹ ، برائس ڈلاس ہاورڈ اور جیف گولڈ بلم اپنے سابقہ کرداروں میں ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں بی ڈی وونگ، ٹوبی جونز، ریف اسپال، جسٹس اسمتھ، ڈینیئالا پلیڈا، ٹیڈ ولین، گیریلڈین چیلپن اور جیمز کرومویل شامل ہیں۔
فرینک مارشل اور پیٹرک کرولی کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی کہانی گزشتہ فلموں کی طرح اس بار بھی شہر سے دور جزیرے پر قائم ایک ایسے تھیم پارک کے گِرد گھوم رہی ہے جسے تباہ ہوئے 22 سال سے زیادہ بیت چکے ہوتے ہیں تاہم حفاظتی اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے اسے ایک بار پھر سے تعمیر کیا جاتا ہے۔
یہ فلم یونیورسل پکچرز کے تحت 22 جون کو سنیما گھروں میں عام نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔