جسٹس انور ظہیر جمالی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

Justice Anwar Zaheer Jamali

Justice Anwar Zaheer Jamali

اسلام آباد (جیوڈیسک) جسٹس انور ظہیر جمالی نے 24 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم نواز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، گورنرز عدالت عظمی کے حاضر اور ریٹائرڈ ججوں اور ماہرین قانون نے بھی شرکت کی۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے نئے چیف جسٹس آف پاکستان ، جسٹس انور ظہیر جمالی سے ان کے عہدے کا حلف لیا ۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم نوازشریف ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور گورنرز کے علاوہ عدالت عظمی کے حاضر اور ریٹائرڈ ججوں اور ماہرین قانون کے علاوہ اعلی فوجی و سول افسران نے بھی شرکت کی۔

نئے چیف جسٹس جسٹس انور ظہیر جمالی ایک سال 3 ماہ 21 دن چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی 31 دسمبر 1951 کو حیدر آباد میں پیدا ہوئے۔ نومبر 1977 میں سندھ ہائی کورٹ اور مئی 1987 میں سپریم کورٹ کے وکیل بنے ، جسٹس انور ظہیر جمالی مئی 1998 میں سندھ ہائی کورٹ کے جج بنے ۔ 3 نومبر 2007 کے اقدام کے بعد پی سی او کے تحت حلف لینے سے انکار کیا۔

27 اگست 2008 کو سندھ ہائی کورٹ کے دوبارہ جج اور 3 اگست 2009 کو سپریم کورٹ کے جج بن گئے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی سپریم کورٹ میں چھ سال ایک ماہ اور آٹھ دن خدمات سر انجام دینے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے تک پہنچے۔