اسلام آباد (جیوڈیسک) جسٹس جواد ایس خواجہ 23 دن تک بطور چیف جسٹس پاکستان فرائض ادا کرنے کے بعد 9 ستمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس انور ظہیر جمالی 10 ستمبر کو 24ویں چیف جسٹس پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ 31 دسمبر 2016 تک تقریبا 15ًماہ چیف جسٹس پاکستان کے عہدے پر فرائض انجام دیں گے۔
نئے آنے والے چیف جسٹس بابا فرید الدین گنج شکر کے خلیفہ حضرت قطب جمال الدین احمد ہنسوی کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ 31دسمبر 1951کو حیدر آباد میں پیدا ہوئے، ان کے والدین بھارت کے شہر جے پور سے ہجرت کر کے 1947میں پاکستان آئے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف سندھ سے قانون اور کامرس کی تعلیم حاصل کی۔
انور ظہیر جمالی 13نومبر 1977کو ہائی کورٹ اور پھر 14مئی 1987کو سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ وہ 1998میں سندھ ہائی کورٹ کے جج بنے، پھر 3نومبر 2007کو پی سی او کے تحت نیا حلف لینے سے انکار کیا۔ جسٹس انور ظہیر جمالی 27اگست 2008 کو سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات ہوئے اور پھر 3اگست 2009کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج بنے۔