کراچی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے کرپشن مٹائو ملک بچائو مارچ کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وہ کل حیدرآباد میں بھی جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی آج صبح سٹی کورٹ کراچی میں وکلا سے خطاب کریں گے جس کہ بعد حلیم عادل شیخ کی طرف سے دیئے گئے ظہرانے میں شرکت اور ادیبوں اور دانشوروں سے ملاقات کریں گے بعد ازاں مختلف جگہوں پر پارٹی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور مزدوروں کے حوالے سے منعقدہ ایک کنونشن میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت بھی کریں گے اور مزدوروں سے خطاب کریں گے جس کے بعد اقلیتی رہنمائوں کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے اور اقلیتی رہنمائوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کرپشن زدہ حکمرانوں کو سندھ کی عوام نے رد کردیا ہے حکمران اب بھاگنے کے راستے ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا شاہ محمود قریشی کل 2 جون کو مرکزی اور صوبائی رہنمائوں کے ہمراہ حیدرآباد کے لیے روانہ ہونگے۔
ٹول پلازہ حیدرآباد سے حیدرچوک تک کرپشن کے خلاف کرپشن مٹائو ملک بچائو ریلی نکالی جائے گی جس کے بعد شاھ محمود قریشی حیدرآباد ہائی کورٹ کے وکلا سے خطاب کریں گے جس کے بعد حیدرآباد پریس کلب کی دعوت پر مخدوم شاہ محمود قریشی حیدرآباد پریس کلب پہنچیں گے جہاں صحافیوں سے ملاقات اور میٹ دی پریس سے خطاب کریں گے۔
بعد ازاں سندھی ادیبوں اور دانشوروں کے اعزاز میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما ذوالفقار ہالیپوٹو کی دعوت پر ان کی رہائشگاہ پر دانشوروں اور ادیبوں کے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔